علی رضا عابدی کا قتل: سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پرآگئی
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے تعلق رکھنے والے سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے قتل کے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پرآگئی۔دوسری جانب پولیس نے گھر کے چوکیدار کا بیان ریکارڈ کرلیا جبکہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ایم کیو ایم کے سابق رہنما اور قومی اسمبلی کے سابق رکن علی رضا عابدی کو نامعلوم ملزمان نے ڈیفنس فیز 5 کے علاقے خیابان غازی میں ان کے گھر کے باہر نشانہ بنایا ۔علی رضا عابدی اپنے دفتر سے گھر پہنچے تھے۔واقعہ کی سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ان کی گاڑی جیسے ہی گھر کے دروازے پر رکی، موٹر سائیکل پر تعاقب میں آنے والے دو ملزمان قریب آئے، پیچھے بیٹھے ملزم نے ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے علی رضا عابدی پر پے در پے گولیاں چلائیں اور فرار ہوگئے۔والد اخلاق رضا عابدی نے بتایا کہ حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے۔علی رضا عابدی کوتشویشناک حالت میں قریبی ہسپتا ل منتقل کیا گیا لیکن وہ کچھ ہی دیر بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔اس افسوس ناک واقعہ کی اطلاع جنگل کی آگ کی طرح کراچی سمیت پورے ملک میں پھیل گئی، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری فوری موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے گئے۔ایس ایس پی ساﺅتھ طارق دھاریجو نے واقعہ کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول ملے جنہیں فرانزک کے لیے بھجوادیا گیا۔علی رضا عابدی کی میت پوسٹ مارٹم کے لیے جناح ہسپتا ل لائی گئی جہاں ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ انہیں گردن اور سینے پر تین گولیاں لگیں۔