دکھی انسانیت کو بہترین ہیلتھ کیئر سسٹم دینا میرا مشن ہے, مریضوں کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے جمود کو توڑنا ہو گا:وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار
لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں ڈاکٹرز کے وفد نے ملاقات کی جس میں ہیلتھ کیئر کی سہولتوں کو بہتر بنانے اور ڈاکٹرز کے مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کو بہترین ہیلتھ کیئر سسٹم دینا میرا مشن ہے اور آپ کے تعاون سے صوبے کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو مثالی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے جمود کو توڑنا ہو گا اورمریضوں کو علاج معالجے کا حق دینے کے لئے آخری حد تک جائیں گے کیونکہ مریضوں کو معیاری علاج معالجے کی فراہمی ہماری سرفہرست ترجیح ہے۔ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے تیز رفتاری سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ایک عبادت سے کم نہیں۔ہیلتھ کئیر سسٹم میں بہتری لانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ہیلتھ کئیر سسٹم کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے۔ شعبہ طب سے وابستہ افراد اور ڈاکٹروں کو حقیقی معنوں میں مسیحا کا کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ دکھی انسانیت کی خدمت ہماری قومی، ملی اور مذہبی ذمہ داری ہے۔ دکھی انسانیت کی خدمت کے حوالے سے ڈاکٹرو ں کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ صوبے کے طول و عرض میں خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانا اور عام آدمی کو اس کی دہلیز پر بہترین علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز مقدس پیشہ سے وابستہ ہیں اور انہیں دکھی انسانیت کی خدمت کرکے حقیقی مسیحا کا کردار ادا کرنا ہے۔ دکھی انسانیت کی خدمت ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے جسے ہم نے ہر حال میں مل کر نبھانا ہے۔ جس طرح عوام نے ہمیں اپنے ووٹ کے ذریعے اپنی خدمت کیلئے منتخب کیا ہے، اسی طرح ڈاکٹروں کو بھی ان کے والدین اور میڈیکل اداروں نے اس مقام پر پہنچایا ہے۔ ڈاکٹروں اور سیاستدان کا کردار اگرچہ مختلف ہے تاہم دونوں کا مقصد ایک ہے اور ہمیں مل کر انسانیت کی خدمت کرنا ہے اور اپنے صحت کے اداروں کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب کو پیشہ ورانہ انداز میں سروس ڈلیوری پر بھرپور توجہ دینا ہوگی۔ اختیار اور ذمہ داری کا درست استعمال ہی شعبہ طب میں بہترین نتائج دے گا۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں ڈاکٹر مجیداللہ، ڈاکٹر خلیل الرحمن، ڈاکٹر ابرار حسین، ڈاکٹر راشد قریشی، ڈاکٹر سعداللہ، ڈاکٹر روح الامین اور دیگر شامل تھے۔