عمران خان کی انتقامی کارروائیاں گلے کا پھندا بنیں گی ،احتساب کا دور زیادہ دیر تک چلنے والا نہیں : حمزہ شہباز

اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ احتساب کے پیچھے انتقام کی بو آتی ہے، عمران خان اپنے دائیں بائیں دیکھیں کرپشن کرنے والے نظر آئیں گے، عمران خان کو سیاسی انتقام بہت مہنگا پڑے گا، عمران خانآپ مسٹر کلین نہیں ، بنی گالا کی تجاوزات پر قوم سے معافی مانگیں ، اگر ہمت ہے تو قوم کو حقائق بھی بتائیں۔نیب لاہور میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ عوام عمران خان کی حکومت کے اقدامات کو دیکھ رہے ہیں، انتقامی کارروائیاں آپ کے گلے کا پھندا بنیں گی، ایسا نیا پاکستان پاکستانی عوام نے مسترد کردیا ہے، جعلی احتساب کا دور زیادہ دیر تک چلنے والا نہیں اور ہم ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آپ مسٹر کلین نہیں ، بنی گالا کی تجاوزات پر قوم سے معافی مانگیں ، اگر ہمت ہے تو قوم کو حقائق بھی بتائیں، خیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر پر سیر سپاٹوں کی تفصیل بتائیں۔ حمزہ شہباز نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ آپ کہتے ہیں کان کھول کر سن لیں 50افراد کو گرفتار کروں گا، ہم نے مشرف کے دس سال بھی بھگتے ہیں، ہمیں کھوکھلے نعروں سے نہ ڈرا، کاشتکاروں سے آپ نے سبسڈی چھین لی ہے۔انہوں نے کہا کہ احتساب کے پیچھے انتقام کی بو آتی ہے،عمران خان اپنے دائیں بائیں دیکھیں کرپشن کرنے والے نظر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان یہ سیاسی انتقام آپ کو بہت مہنگا پڑے گا، ہوش کے ناخن لیں ، معاشی حالات بہت خطرناک ہیں، ہمارے زرمبادلہ ذخائر چند ہفتوں کے ہیں آپ احتساب کے پیچھے پڑے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آپ ایک ایک ارب ڈالر کیلئے در در ٹھوکریں کھا رہے ہیں اور ہم نے بھیک نہیں مانگی، سی پیک کی 50ارب ڈالر کی سرمایہ کاری انہی 5 سال میں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ 24دسمبر کے احتساب عدالت کے فیصلے میں دور دور تککرپشن کا ثبوت نہیں مل سکا جب کہ شہباز شریف کو صاف پانی میں بلایا جاتا ہے گرفتار آشیانہ میں کرلیاجاتا ہے اور تین مہینوں میں کوئی ثبوت نہیں مل سکا۔انہوں نے کہا کہ بتانا چاہتا ہوں 90ارب روپے میں پنڈی لاہور ملتان میٹروبس کے منصوبے مکمل ہوئے، پشاور کے بی آر ٹی منصوبے کی بھی انکوائری ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آپ قوم کے سامنے اپنی بہن علیمہ خان کے اثاثے اور ذرائع لے کر آئیں، آپ نے بے دردی سے غریبوں کی جھونپڑیاں گرادیں، نواز شریف نے اندھیرے ختم کیے اور دہشت گردی ختم کی کسی سے بھیک نہیں مانگی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف پر آج تک کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی لیکن آپ کی وفاقی و صوبائی کابینہ میں نیب زدہ لوگ شامل ہیں، سب کی انکوائری ہونی چاہیے۔