پولینڈ میں عمارت میں آگ لگنے سے 6 افراد ہلاک

پولینڈ میں بے گھر افراد کی عمارت میں آگ لگنے سے 6 افراد ہلاک ہوگئے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق پولینڈ کے دارالحکومت وارسا کے قریبی ضلع میں لکڑی کی بنی ہوئی عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 6 افراد بری طرح جھلس کر ہلاک ہو گئے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ کے پہنچنے تک پوری عمارت مکمل طور پر جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئی تھی،عمارت بے گھر افراد کے استعمال میں رہتی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ دور دراز واقع ہونے کے باعث امدادی ٹیم کے پہنچنے میں تاخیر ہوئی، لکڑی کی عمارت ہونے کے باعث آگ نے عمارت کو مکمل طور پر خاکستر کردیا۔ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے عینی شاہدین کے بیانات کو قلم بند کرکے ابتدائی شواہد جمع کر لیے ہیں، لاشوں کی شناخت کے لیے نمونے فارنسک لیب بھیجے گئے ہیں جس کے بعد ہی ہلاک ہونے والوں کی شناخت ممکن ہو سکے گی۔