کراچی میں امن وامان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا : شہریار آفریدی

داخلہ امور کے وزیر مملکت شہریار خان آفریدی نے واضح کیا ہے کہ کراچی میں امن وامان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔بدھ کی شام کراچی میں سندھ کے گورنر عمران اسماعیل کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک خصوصاً کراچی میں امن رینجرز اور پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بیش بہا قربانیوں سے حاصل ہوا ہے اور کسی کو اسے نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبوں اور وفاقی حکومت سمیت تمام متعلقہ فریقوں کی مشترکہ کوششوں سے ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو ایم کیو ایم کے رہنما علی رضا عابدی کے قتل اور شہر میں حال ہی میں ہونے والے واقعات کے بارے میں گہری تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے انہیں علی رضا عابدی کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے صوبوں سمیت تمام متعلقہ فریقوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے۔