ایل او سی خلاف ورزی دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے ہے: شاہ محمود
اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایل او سی پر بھارتی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود نے بھارتی فورسز کی جانب سے ایل او سی پر ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت متنازع شہریت کے ایکٹ پر شدید رد عمل سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ بھارت کسی بھول میں نہ رہے، پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی عوام نے مودی سرکار کی انتہا پسند سوچ کو مسترد کر دیا ہے، مودی حکومت خطے میں امن کو تہہ و بالا کرنے پر تلی ہے، دنیا جنگی جنون میں مبتلا بھارت سرکار کی شر انگیزیوں کا نوٹس لے۔