آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے عدالتی فیصلے پر نظرثانی درخواست دائر
وفاقی حکومت نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان کے تین رکنی بینچ کے فیصلہ کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے تین رکنی بینچ کے فیصلہ کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ نظرثانی درخواست کی سماعت کے لئے لارجر بینچ تشکیل دیا جائے۔ درخواست میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ نظرثانی درخواست کی ان کیمرہ سماعت کی جائے۔ نظرثانی درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالتی فیصلہ میں اہم آئینی اور قانونی نکات کا جائزہ نہیں لیا گیا۔ واضح رہے کہ جمعرات کے روز وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر ڈاکٹر فروغ نسیم نے سپریم کورٹ میں اٹارنی جنرل انور منصور خان سے ملاقات کی تھی اور آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلہ کے خلاف نظرثانی درخواست کے ڈرافٹ پر مشاورت کی تھی۔