پرامن فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ، متعدد زخمی
غرب اردن میں پرامن فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوجیوں کے حملے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلسطینی باشندے غرب اردن کے شہروں رام اللہ ، سلفیت اور کفرقدوم میں اسرائیلی بستیوں کی تعمیر اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے کہ اسی وقت اسرائیلی فوجیوں نے ان پر حملہ کردیا۔ اسرائیل فوجیوں نے پرامن فلسطینی مظاہرین پر آنسوگیس کے گولے داغے اور پھر ربر کی گولیوں سے کئی فلسطینیوں کو چھلنی کردیا جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی شدید زخمی ہوگئے۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں فلسطین کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہ غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی تعمیر اور اسرائیلی جارحیت روکنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اسرائیلی فوجی فلسطینیوں پر آئے دن حملے کر تے رہتے ہیں اور ان کے گھروں اور مقدس مقامات کو منہدم کرنے کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کو علاقے سے بے دخل کرکے اسرائیلی بستیاں تعمیر کرتے ہیں۔ غاصب اسرائیلی حکومت نئی بستیوں کی تعمیر کے ذریعے علاقے میں آبادی کا نتاسب اپنے حق میں تبدیل اور غاصبانہ قبضے کو مضبوط بنانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔