فیفا نے 2 ورلڈ کپ ملتوی کردیے

فٹبال کی بین الاقوامی تنظیم فیفا نے کرونا وائرس وبا کی وجہ سے اگلے سال انڈونیشیا اور پیرو میں ہونے والے انڈر 20 اور انڈر 17 ورلڈ کپس سنہ 2023 تک ملتوی کردیے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فٹبال کی بین الاقوامی تنظیم فیفا نے کرونا وائرس وبا کی وجہ سے اگلے سال انڈونیشیا اور پیرو میں ہونے والے 2 بین الاقوامی ٹورنامنٹس سنہ 2023 تک ملتوی کردیے ہیں۔انڈونیشیا میں انڈر 20 ورلڈ کپ اور پیرو میں انڈر 17 ورلڈ کپ اگلے سال منعقد ہونے تھے۔فیفا کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلے منعقد کرنے میں کووڈ 19 کی وبا کی وجہ سے اب بھی چیلنجز کا سامنا ہے۔ وبا نے بین الاقوامی سفر پر بھی اثرات ڈالے ہیں۔عالمی صورتحال اس مقام تک پہنچنے میں ناکام رہی جہاں دونوں ٹورنامنٹس کی میزبانی سے متعلق درپیش چیلنجز کا سامنا کیا جا سکتا۔فیفا کا مزید کہنا ہے کہ وہ دونوں میزبان ملکوں کے ساتھ 2023 میں کامیاب ٹورنامنٹس منعقد کرنے کی منتظر ہے۔