آصف زرداری نے عوام کی طاقت سے حکومت گرانے کی بات کی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ
لاڑکانہ: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے عوام کی طاقت سے حکومت گرانے کی بات کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ حکومت بھی پیپلزپارٹی کی بنے گی۔ ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے پی پی سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے فروری / مارچ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی درخواست کی ہے۔انہوں نے وفاقی حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ عوام موجودہ حکومت سے تنگ آچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا وقت آگیا ہے کہ لوگوں کو دو وقت کا کھانا نہیں مل رہا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ملک کو دیوالیہ کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حکومت کو آنا ہی نہیں چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ جنوری کے پہلے ہفتے میں سی ای سی کا اجلاس ہو گا۔