نیٹو افواج کے ہاتھوں قرآن پاک کی بے حرمتی اوربلوچستان کے بارے میں امریکی قرارداد کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں
لاہورمیں سنی تحریک کےزیراہتمام پریس کلب کےباہراحتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر امریکا مخالف نعرے درج تھے ۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ قرآن پاک جلانے کی ناپاک جسارت کرنے والے خدا کے قہر سے نہیں بچ سکیں گے۔مقررین کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے حق میں قرارداد پاس کرنے والوں کوفلسطین،عراق،لیبیا،مصراورکشمیریوں پر ہونے والے مظالم کیوں دکھائی نہیں دیتے۔ کراچی میں جمعیت علما ئے پاکستان کے تحت پریس کلب کے باہرمظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے امریکا اور حکمرانوں کیخلاف سخت نعرے بازی کی ۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ قرآن مجید کی بار بار توہین، ڈرون حملے اور اب بلوچستان کو حق خودارادیت دینے کی قرارداد پاکستان کو ناکام ریاست بنانے کی گھناونی سازش ہے ۔ جعفر آباد میں بھی قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف جماعت اسلامی کے کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین نے قرآن پاک کی بے حرمتی پر امریکا اور نیٹوکیخلاف نعرے بازی کی ۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسلام مخالف ممالک سے تعلقات ختم کئے جائیں ورنہ احتجاج کا دائرہ کار وسیع کر دیا جائے گا ۔