اورنج لائن کےلئے مزید چار ٹرین سیٹ لاہور پہنچ گئے۔ خواجہ احمد حسان
وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ چار مزید ٹرین سیٹ لاہور پہنچ گئے ہیں، اب یہاں ان کی کل تعداد 15ہو گئی ہے، ڈیرہ گجراں سے لکشمی چوک تک اورنج لائن کے 12کلومیٹر طویل بالائے زمین ٹریک کی تعمیر رواں ہفتے مکمل کر لی جائےگی، ڈپو سے پاکستان منٹ تک پہلے پانچ سٹیشنوں کے درمیان ساڑھے چھ کلومیٹر طویل پٹری بچھالی گئی ہے، شالامار باغ کے قریب ٹریک کی تعمیر مکمل کرنے کے بعد یہاں سڑک کی تعمیر بھی شروع کر دی گئی ہے، ڈیرہ گجراں میں ڈپو کی اندرونی سڑکوں کی تعمیر بھی مکمل کر لی گئی ہے اوریہاںپٹری پر آزمائشی طور پر ٹرین چلانے کا آغاز کر دیا گیاہے، وہ گزشتہ روز منصوبے پر جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت ‘ ڈپو میں تعمیراتی کاموں کے معائنے اور پہلے چار میٹرو سٹیشنوں کے دورے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے، انہوں نے بتایا کہ حاجی کیمپ سے دریائے راوی تک ایریا ڈرین کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے، منصوبے کی بروقت تکمیل میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کےلئے واسا ، نیسپاک ، ٹیپا اور ٹریفک پولیس کے اعلیٰ افسران پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، انہوں نے بتایا کہ منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کےلئے کام کی رفتار مزید تیز کر دی گئی ہے، خواجہ احمد حسان نے بعدازاں اسلام پارک، سلامت پورہ اور محمود بوٹی سٹیشنوں کا بھی دورہ کیا ، ان سٹیشنوں کا اوسطاً 97فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے اور باقی تین فیصد جلد از جلد مکمل کرنے کےلئے اضافی لیبر لگا دی گئی ہے ،دورے کے موقع پر چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید ، جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ، چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن اور لیسکو، پی ٹی سی ایل ، سوئی گیس ، ریلوے، ٹریفک پولیس ، سول ڈیفنس، ریسکیو1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نگ کنسلٹنس کے نمائندے اور مقامی کنٹریکٹرز بھی موجود تھے۔