ایگزیکٹ اسکینڈل کیس: ملزم شعیب شیخ کی حفاظتی ضمانت مسترد۔ ایف آئی اے نے ملزم کوگرفتارکرلیا
ایف آئی اے نے ایگزیکٹ اسکینڈل میں شعیب شیخ اور دیگر ملزمان کی بریت کے فیصلے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ایگزیکٹ اسکینڈل منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کی اپیل منظور کرلی۔ عدالت نے سیشن کورٹ کو ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد کرنے اور مقدمے کا فیصلہ تین ماہ میں سنانے کا حکم دیا۔ کیس کے دیگر ملزمان میں میں چندا ایکسچینج کے محمد یونس اور جنید بھی شامل ہیں۔ فیصلے کے بعد وکلا نے عدالت سے ملزم شعیب شیخ کی تین دن کے لیے حفاظتی ضمانت کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔ ملزم شعیب شیخ گرفتاری سے بچنے کے لیے احاطہ عدالت میں رہے تاہم جب ان کے وکلا نے انہیں سمجھایا کہ قانون کے مطابق ان کے پاس ایف آئی اے کو گرفتاری دینے کےعلاوہ کوئی چارہ نہیں تو وہ باہر آئے اور اپنے آپ کو ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ واضح رہے کہ اٹھارہ مئی دوہزار پندرہ کو امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے انکشاف کیا تھا کہ ایگزیکٹ دنیابھر میں جعلی ڈگری کا کاروبار کرتی ہے۔ ایگزیکٹ پر جعلی ڈگریوں کے الزامات پر ایف آئی اے نے تحقیقات کا آغاز کیا۔