نواز شریف کو کسی اور نے نہیں قدرت نے نکالا، سابق صدر آصف زرداری
اسلام آباد زرداری ہاؤس میں گوجر خان سے تعلق رکھنے والے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ آمریتوں اور آمرانہ ذہنیت رکھنے والوں کی سوچ کی وجہ سے معاشرے میں جو بگاڑ آیا اس کے خاتمے کا وقت آچکا ہے، پیپلزپارٹی انتقام نہیں لیتی بلکہ ظلم کرنے والوں کا مقدمہ اللہ تعالیٰ اور عوام کی عدالت میں پیش کرتی ہے، نواز شریف کو کسی اور نے نہیں قدرت نے نکالا، کیونکہ عوام کی بددعائیں ان کا اب تک پیچھا کر رہی ہیں، نواز شریف نے لوگوں کو بیروزگار کرکے فاقہ کشی پر مجبور کیا، مہنگائی کا طوفان ملک اور عوام پر مسلط کیا، آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے قوم کو ذہین، باصلاحیت اور نوجوان قیادت دی ہے، چیئرمین بلاول بھٹو نے واشنگٹن میں جس طرح پاکستان کا مقدمہ لڑا اور وکالت کی یہ ایک قوم پرست پاکستانی ہی کر سکتا ہے، سابق صدر زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی انسانی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔ آزادی اظہار کے لئے پاکستان پیپلزپارٹی نے ہر ممکن اقدام اٹھایا، شہید ذوالفقاربھٹو کے فلسفے پر عمل کرنے سے سماج میں مثبت تبدیلی آئے گی، سابق صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی قربانی دینے والے کارکنوں کو کبھی نظرانداز نہیں کرتی، خطہ پوٹھوہار کو راجہ پرویز اشرف جیسے بہادر کارکن کی صورت میں وزیراعظم دیا، آئندہ انتخابات جیتنے کے بعد پارٹی کے کارکنوں کی ذمے داریاں بڑھ جائیں گی، کارکن ذمے داریاں سنبھالنے کے لئے تیار رہیں