امریکا میں امیزون کمپنی کا مال بردار طیارہ گر کر تباہ، 3 افراد ہلاک
ہوسٹن: امریکا میں امیزون کمپنی کے زیر استعمال مال بردار طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تینوں افراد ہلاک ہوگئے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ہوسٹن کے جارج بش انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے میامی کے لیے پرواز بھرنے والے پرائم ایئر کے مال بردار طیارے بوئنگ 767ہوسٹن کے ایک دریا میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تینوں افراد ہلاک ہوگئے۔پولیس نے غوطہ خوروں کی مدد سے طیارے کا ملبہ تلاش کرلیا جس میں سے 2 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جب کہ تیسرے شخص کی بھی زندہ ملنے کی امید دم توڑ گئی ہے۔ طیارے کا بلیک باکس نہ ملنے کی وجہ سے حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ پرواز بھرنے کے کچھ دیر بعد جب طیارہ 6ہزار فٹ کی بلندی پر تھا، طیارے کا کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہوگیا جس پر ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا تھا۔ ریسکیو اداروں نے طیارے کے ملبے کو زیر آب ڈھونڈ نکالا ہے۔ یہ جہاز معروف کمپنی امیزون کے زیر استعمال تھا۔