لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی، پاک فضائیہ کا بھرپور جواب، بھارتی طیارے بھاگ گئے
پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارتی طیاروں نے مظفر آباد سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی اور بھارتی طیارے اپنے نصب ہتھیار بالاکوٹ کے قریب گرا کر فرار ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی دراندازی کے واقعے میں کوئی جانی یامالی نقصان نہیں ہوا تاہم پاک فضائیہ کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارتی ایئرفورس نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جبکہ جوابی کارروائی کے نتیجے میں پاک فضائیہ کے طیاروں کی پروازوں سے بھارتی طیارے بھاگ نکلے۔
جنگی جنون میں مبتلا بھارت اب بھی باز نہ آیا، ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی، پاک فضائیہ کے طیاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے بزدلانہ اور ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔
خیال رہے کہ بھارتیوں کو بھی اس بات کا اندازہ ہے کہ پاکستان سے جنگ مہنگا پڑسکتا ہے، سابق بھارتی جج نے بھی ہندوستان کو جنگ سے باز رہنے کی ہدایت کی ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں سابق بھارتی چیف جسٹس مرکنڈے کاٹجو نے مودی سرکار کو خبردار کیا کہ پاکستان جوہری طاقت ہے مذاق نہیں، پاکستان کی فوج تیارہے لائن آف کنٹرول کراس کی تومنہ توڑجواب ملے گا۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں کار بم حملے میں42 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے، حملے کے فوری بعد بھارت نے پاکستان پر الزام تراشی کا سلسلہ شروع کردیا تھا۔بھارت نے الزام لگایا تھا کہ پلوامہ میں حملہ کالعدم جیش محمد کی جانب سے کیا گیا ، جسے پاکستان کی پشت پناہی حاصل ہے۔
پاک فوج اور پاک فضائیہ کے سربراہان نے واضح کر رکھا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج بھارت کی کسی بھی مہم جوئی یا حملے کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
گذشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فضائیہ کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تھا، آرمی چیف اور پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک کو درپیش خطرات اور جوابی حکمت عملی پربھی تفصیلی گفتگو ہوئی تھی۔
مسلح افواج کے دونوں سربراہان نے خطرے کی صورت میں پاک فوج اور پاک فضائیہ کے رد عمل کی تیاریوں کو سراہا۔ سربراہان نے واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج بھارت کی کسی بھی مہم جوئی یا حملے کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔