بھارتی دراندازی کی کوشش پر سیاسی رہنماؤں کا بھرپور ردعمل
مظفرآباد سیکٹر سے پاکستانی حدود میں بھارتی ایئرفورس کے طیاروں کے داخل ہونے پر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے بھرپور ردعمل سامنے آیا ہے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بھارتی دراندازی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اگر بھارت جنگ شروع کی تو نئی دہلی پر پاکستان کا پرچم لہرائے گا، بھارتی قیادت ہوش کے ناخن لے اور جنوبی ایشیا کے امن کو اپنے ہاتھوں سے آگ میں نہ دھکیلے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف مودی غریبوں کے پاؤں دھو رہے ہیں، دوسری طرف بے گناہ نہتے کشمیریوں کا خون بہارہے ہیں، نریندر مودی جنوبی ایشیا کے بے گناہ انسانوں اورغریبوں کو جنگ کی بھٹی میں نہ دھکیلیں۔ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی سینیٹر شیریں رحمان کا کہنا ہے کہ بھارت نے جو طبل جنگ بجایا ہے پاکستان کی مسلح افواج اس کے لیے بالکل تیار ہیں اور بھارت کی جارحیت کا بھرپور اور فوری طور پر جواب دیں گے۔