بھارتی دراندازی ، حکومت کا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا اعلان
اسلام آباد : حکومت نے بھارتی دراندازی پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا اعلان کردیا ، اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا اعلان کردیا ہے۔ وزیرمملکت برائے پارلیمانی امورعلی محمدخان نے کہا آج پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس نہیں ہوسکا تو کل یقیناًہوگا، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی جلد پارلیمان میں پالیسی بیان دیں گے، وزیراعظم، وزیر خارجہ کوایوان میں بحث سے متعلق آگاہ کردیا ہے، کوشش ہے مشترکہ اجلاس شام تک بلایا جائے۔ قومی اسمبلی کے جاری اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا تھا، پیپلز پارٹی کے رہنما خورشیدشاہ نے کہا ہمیں اپنی ملک کی سلامتی چاہیے، جوائنٹ پارلیمنٹ کاسیشن بلایاجائے، ہم بھارت کو بتائیں کہ جنگ کیا ہوتی ہے۔