سعود ی عرب: جعلی کرنسی نوٹ پھیلانے کے الزام میں 2 افراد گرفتار
ریاض ریجن کی پولیس نے جعلی کرنسی نوٹ پھیلانے کے الزام میں 2 افراد کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان میں ایک سعودی جبکہ دوسرا لبنانی باشندہ ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ریاض پولیس کے ترجمان کرنل شاکر التویجرینے بتایا ہے کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ شہر میں بڑی تعداد میں جعلی کرنسی پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔اطلاع ملتے ہی تمام علاقے کے تھانوں کو خبر دارکیا گیا تاکہ ملزمان کو مارکیٹ میں جعلی نوٹ پھیلانے سے قبل ہی گرفتار کیاجاسکے۔ملزمان نے ریاض کے مشرقی علاقے شاہ فیصل ٹائون کے ایک فلیٹ میں اپنا ٹھکانہ بنایا ہوا تھا۔ ملزمان کے فلیٹ سے 8 لاکھ کے 500 ریال والے جعلی نوٹ برآمد ہوئے۔ملزمان کے خلاف جعلی کرنسی نوٹ رکھنے کا مقدمہ دائر کرکے انہیں متعلقہ اداروں کے سپرد کر دیا گیا۔