کورونا وائرس: وزیر ریلوے نے کوئٹہ تا تفتان ٹرین سروس معطل کردی
وزیرریلوے شیخ رشید نے کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر کوئٹہ سے تفتان تک ٹرین سروس معطل کرنے کا اعلان کردیا ۔ لاہور سے جاری بیان میں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ کوئٹہ اور تفتان کے درمیان چلنے والی چار ٹرینوں کو معطل کیا گیا ہے، یہ ٹرین سروس تاحکم ثانی معطل رہے گی۔وزیر ریلوے نے شہریوں سے اپیل کی ہے جنہوں نے اپنا سامان بک کرایا ہے وہ اپنا سامان واپس لے لیں۔واضح رہے کہ ایران میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر حکومت نے تفتان میں پاک ایران سرحد کو بند کر رکھا ہے جبکہ بلوچستان حکومت نے اندرون ملک سے بذریعہ تفتان ایران جانے والے زائرین کے صوبے میں داخلہ بھی بند کردیا ۔