کرونا وائرس: جنوبی کوریا میں امریکی فوجی سمیت 1146 افراد متاثر
جنوبی کوریا میں ہلاکت خیز کورونا وائرس کے مزید 169 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1146 ہوگئی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہلاکت خیز کورونا وائرس نے جنوبی کوریا میں 1146 افراد کو اپنا شکار بنا لیا ہے۔کوریا کے بیماریوں پر قابو پانے والے ادارے نے گیارہ ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ حالیہ ہلاکت منگولیا سے تعلق رکھنے والے فرد کی ہے، جو جگر کی پیوندکاری کے لیے جنوبی کوریا کے ہسپتال میں زیر علاج تھا۔غیر ملکی میڈیا ذرائع سے یہ بات معلوم ہوئی ہے جنوبی کوریا میں تعینات ایک امریکی فوجی بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوا ہے اور کسی بھی امریکی فوجی کے مہلک ترین وائرس سے متاثر ہونے کا یہ پہلا کیس ہے۔کوریا میں امریکی افواج کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ وائرس سے متاثر امریکی فوجی کیمپ کیرل میں تعینات تھا جو وائرس زدہ شہر ڈائے گو سے 30 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ خطرناک وائرس سے سب سے زیادہ جنوبی کوریا کا چوتھا بڑا شہر ڈائے گو متاثر ہوا ہے، جس کے متاثرین کی تعداد 90 فیصد ہے۔