پی ٹی آئی والوں کا لیڈر گندگی سے بھرا ہوا ہے، عظمی ٰبخاری
لاہور میں 26 فروری بروز اتوار پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی رہنما یاسمین راشد پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف بدتمیز جماعت ہے، ان کی گالم گلوچ سے کوئی بچ نہیں سکتا، یاسمین راشد اب فردوس عاشق اعوان بننے کی کوشش کر رہی ہیں، یا وہ خواتین کی شہباز گل بننا چاہ رہی ہیں، یاسمین راشد کی بدتمیزی ان کا عنصر بن گئی ہے، اور ان کا تکبر عروج پر ہے۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ یا سیمین راشد کو مریم نواز دو مرتبہ دھول چٹا چکی ہیں، یاسمین راشد اپنے قد کے مطابق گفتگو کیا کریں، کہتی ہیں مریم نواز میرے ساتھ آکر بیٹھے، بی بی آپ ہیں کون۔ ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ کسی کی زبردستی عزت نہیں ہوسکتی، عزت انسان کے کردار اور عادات سے ہوتی ہے، پی ٹی آئی کے کارکنان اور قیادت نے ہمیشہ مخالفین کیلئے بری زبان استعمال کی ہے۔ سیاست میں گفتگو کا انداز مہذب ہونا چاہیے، مگر یہ بات پی ٹی آئی کی سمجھ میں نہیں آتی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے سیاست میں بدتہذیبی کو فروغ دیا، عمران خان تھرڈ ڈگری پر آکسفورڈ سے پڑھ کر آئے، یاسمین راشد نے کرونا فنڈ میں کرپشن کی، کرونا فنڈ کے ذریعے ٹائیگر فورس کو ادائیگیاں کی گئیں، کرونا فنڈ سے ہی عثمان بزدار کیلئے ہیلی پیڈ بنوایا گیا، پی ٹی آئی والوں کا تکبر انتہائی بلندیوں پر ہے۔ پی ٹی آئی والوں کا لیڈر گندگی سے بھرا ہوا ہے۔ عظمیٰ بخاری کے مطابق پی ٹی آئی دور میں پنجاب کے اسپتالوں میں مفت ادویات ختم ہوگئیں تھیں، نواز شریف کے لگائے گئے فلٹریشن پلانٹس پر تختیاں لگائی جا رہی ہیں، جیل بھرو تحریک ڈوب مرو تحریک اور شرم کرو تحریک بن گئی ہے۔ شاہ محمود قریشی جیل میں کہتے ہیں کہ بیمار ہوں، یہاں میرا گزارا نہیں۔ ان لوگوں کی سسرال جاؤ مہم چل رہی ہے، ان جوکروں نے اس ملک کو تماشہ بنا دیا ہے۔