وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر دل دکھی ہے، تمام مذاہب کا نمائندہ وفد پوپ سے ملاقات کرے اور تصادم کی سازش کو ناکام بنائے۔ ہم سب کو مل کر دنیا کو امن میں تبدیل کرنا ہو گا۔

اسلام آباد میں پاکستان علما کونسل کے تحت ہونے والی کل جماعتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ یورپ میں کروڑوں کتابیں اور اخبارات چھپتے ہیں مگر ان میں چارلی ایبڈو جیسے اخبارات آٹے میں نمک کے برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آں حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے اوپر گند پھینکنے والی بڑھیا کی عیادت کی اور اُس کی خدمت کی۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ ہمیں بھی ان ہی کے نقش قدم پر چلنا چاہیے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کا ایک نمائندہ وفد پوپ سے ملے اور مسلمانوں اور یورپ والوں کے مابین تصادم کی سازش کا راستہ روکا جائےپرویز رشید نے مزید کہا کہ امریکہ،برطانیہ اور دنیا بھر میں ہماری مساجد ہیں، تمام ممالک مسلمانوں کو ویزے دیتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہم تو تمام انبیاء کو ماننے والے ہیں، اِس لیے ہمیں انہیں اِس بات پر قائل کرنا چاہیے کہ وہ ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی نہ کریں۔ یہ عَلم لے کر نکلیں گے تو ہمارا مقدمہ مضبوط ہوگا۔