آج بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر مقبوضہ ریاست میں کشمیری یوم سیاہ منا کر بھارت سے اپنی نفرت اور علیحدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں
حریت تنظیموں کی طرف سے ہڑتال کی اپیل پر پوری وادی میں کاروبار حیات بند ہے۔ کشمیری ہر برس26 جنوری بھارتی جمہوریہ کویوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں کیونکہ دنیا کی سب سے بڑی یہ نام نہاد جمہوریت خود مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان جمہوری رائے دہی کا حق دینے کی بجائے انکی آواز فوجی طاقت سے جبراً کچل رہی ہے۔ پاکستانی حکومتیں اور عوام ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کرتے چلے آئیں ہیں۔ کشمیریوں عوام اور حریت لیڈر شپ نے اس موقع پر مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کی موجودہ حکومت بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات اور تجارت پر ضرور زور دے لیکن قائداعظم کے فرمان ’’کشمیر ہماری شہ رگ ہے‘‘ کو بھی یاد رکھے، کشمیری رہنماؤں نے آج سری نگر میں بھارتی تسلط کیخلاف ریلیاں نکالنے کا اعلان کر رکھا ہے ، شبیر شاہ، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک کو ان کے گھروں میں نظر بند کیا گیا ہے جبکہ سری نگر سے لے کر جموں تک ہر طرف ریاستی پولیس اور بھارتی فوجی اور نیم فوجی دستے مارچ کر رہے ہیں