توانائی منصوبے تیزرفتاری سے مکمل کئے جا رہے ہیں، تکمیل سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو گا۔ شہباز شریف
پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ بجلی کے منصوبے تیزرفتاری سے مکمل کئے جا رہے ہیں، جن کی تکمیل سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو گا۔جمعرات کو لاہورمیں وزیر اعلیٰ پنجاب سے جرمن بزنس مین برنیڈ میزگرکی قیادت میں وفدنے ملاقات کی،اس موقع پر توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شہباز شریف کاکہناتھا کہ پوٹھوہار ریجن سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں چھوٹے ڈیم بنانے کی گنجائش موجود ہے، جرمن کمپنی کو پنجاب میں آبپاشی کیلیے چھوٹے ڈیموں کی تعمیر کے حوالے سے کی گئی اسٹڈی کا جائزہ لینا چاہیے۔جرمن وفد کے سربراہ نے کہا کہ انہیں توانائی منصوبوں میں تعاون پرخوشی ہو گی۔