وفاقی دارالحکومت میں بارش سے جہاں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا،وہیں شہر کے مناظر بھی مزید نکھر گئے
شہر اقتدار میں گزشتہ چند روز سے جاری بارش نے جہاں سردی کی شدت میں اضافہ کردیا وہیں شہر کے نظارے نکھر کر مزید دلکش ہوگئے ہیں۔ موتیوں سی شفاف رم جھم نے پھولوں اور درختوں کو تروتازہ کردیا ہے۔ایسے حسین موسم میں شہری گھروں سے نکل کر سیروتفریح کے لئے نکل گئے,اس دوران سیاہ گھٹاؤں نے کوہ مارگلہ کو اپنی لپیٹ میں لے کر ایسا دلفریب منظر پیش کیا کہ ہر کوئی اس کی خوبصورتی میں کھو گیا۔ شہریوں نے کہا کہ وہ مصروفیت کے باوجود سہانے موسم سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔سرد موسم کو انجوائے کرنے کے لئے شہری صرف تفریح کرنے تک ہی محدود نہ رہے بلکہ انہوں نے گرما گرم سموسوں اور پکوڑوں کا لطف بھی اٹھایا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ بادل مزید گرجیں برسیں گے۔