امریکا میں بہتر روزگار اور خوشحال مستقبل کے حصول کے لیے تارکین وطن کا ایک اور قافلہ امریکی سرحد پر پہنچ گیا۔
امریکا میں پناہ کے حصول کیلئے تارکین وطن کا قافلہ ٹرک میں سوار ہوکر میکسیکو کے ساتھ لگنے والے امریکی بارڈر پر پہنچا، قافلے میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ وسطی امریکا سے تعلق رکھنے والے اس کارواں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، ان میں اکثریت ہنڈورس کے تارکین وطن کی ہے۔ امریکا کے شمال میں واقع ملک میکسیکو نے مہاجرین کو پناہ دے رکھی ہے، تاہم تارکین وطن کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بچوں کے بہتر مسقبل کیلئے امریکا میں پناہ کے خواہاں ہیں۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مہاجرین کے امریکا داخلے پر شدید غم وغصے کا اظہار کرچکے ہیں، انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ میکسیکو تارکین وطن کی روک تھام کے لیے کوئی اقدام نہیں کرتا جس کے باعث وہ غیرقانونی طور پر امریکا میں داخل ہوجاتے ہیں۔