کشمیری آج بھارتی یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طورپر منارہے ہیں، سرینگر اور دیگر قصبوں میں مکمل ہڑتال

کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیابھر میںمقیم کشمیری آج بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منارہے ہیں جسکامقصد عالمی برادری کوباور کرانا ہے کہ بھارت کا جمہوری ملک ہونے کا دعویٰ مکمل طور پر گمراہ کن ہے کیونکہ وہ کشمیریوںکو ان کا ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت دینے سے مسلسل انکار کر رہا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یوم سیاہ منانے کی کال سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی ہے۔ مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنا یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں رکھتاکیونکہ اس نے جموںوکشمیر پر کشمیریوں کی مرضی کے خلاف قبضہ کر رکھا ہے ۔آج مقبوضہ کشمیرمیں مکمل ہڑتال ہے۔ دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل ہے ۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے لوگوںکو احتجاجی مظاہروں سے روکنے کیلئے سرینگر اور دیگر قصبوںمیں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کر رکھے ہیں۔ بخشی سٹیڈیم سرینگر جہاں یوم جمہوریہ کی سرکاری تقریب کا انقاد کیا جائےگا ، کی طرف جانے والے تمام راستے سیل کر دیے گئے ہیں۔