بھارت نے دوسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو 90رنز سے شکست دیدی
بھارت نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ کو 90 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں میں سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کر لی ہے۔تفصیلات کے مطابق دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنائے۔ روہت شرما 87 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ شیکھر دھون نے 66، ویرات کوہلی نے 43، امباتی رائیڈو 47، مہندرا سنگھ دھونی نے 48اور کیدر جادھو نے 22رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور لوکی فرگوسن نے 2,2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ان کے علاوہ کوئی بھی بالر خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکا۔نیوزی لینڈ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں پورے اوورز بھی کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکی اور 41 ویں اوور میں ہی 234 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ ڈاج بریس ویل نے سب سے زیادہ 57 رنز بنائے جبکہ مارٹن گپٹل نے 15، کولن منرو نے 31، کین ولیم سن نے 20، راس ٹیلر نے 22، ٹام لاتھم نے 34، ہینری نکولس نے 28، کولن ڈی گرینڈہوم نے 3، لوکی فرگوسن نے 12، ٹرینٹ بولٹ نے 10رنز بنائے اور ایش سودھی صفر پر آئوٹ ہو گئے۔بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو سب سے کامیاب بالر رہے جنہوں نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بھوینشور کمار اور یوزویندر چھاہل نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد شامی اور کیدر جادھو نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔