حکومت کو کوئی خطرہ نہیں افواہیں پھیلائی جارہی ہیں: شیخ رشید
اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، 5 فروری کو ایک بجے عثمان بزدار کا لال حویلی کے پاس جلسہ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے تقریب کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کل آئی ٹی یونیورسٹی کی منظوری لی ہے، راولپنڈی پاکستان میں واحد شہر ہوگا جہاں 4 یونیورسٹیاں ہوں گی۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چین کے اشتراک سے ریلوے یونیورسٹی بھی راولپنڈی میں بنے گی، اسپتال تھوڑے عرصے میں شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سے غلطیاں اور کوتاہیاں ہوئی ہیں۔ کوئی عمران خان کی دیانت داری پر انگلی نہیں اٹھا سکتا ہے، عمران خان کی ایمانداری کی قسم کھا سکتا ہوں۔ ملک میں سب سے بڑی زیادتی ووٹر کے ساتھ ہوتی ہے۔