وزیراعظم کو آٹا بحران سے متعلق رپورٹ بھجوا دی گئی
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کو آٹا بحران سے متعلق رپورٹ بھجوا دی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ آٹا بحران باقاعدہ ایک منصوبہ بندی کے تحت پیدا کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو آٹا بحران سے متعلق رپورٹ بھجوا دی گئی، 21 صفحات پر مشتمل رپورٹ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے تیار کی گئی۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا کہ آٹا بحران باقاعدہ ایک منصوبہ بندی کے تحت پیدا کیا گیا، بحران پیدا کرنے میں افسران اور بعض سیاسی شخصیات ملوث ہیں۔ رپورٹ میں آٹا بحران کے ذمہ دار بیوروکریٹس، سیاسی شخصیات کی نشاندہی کی گئی، محکمہ خوراک پر سیاسی دباؤ اور انتظامی نااہلی سے آٹا بحران پیدا ہوا، 1550 فی من فروخت ہونے والی گندم 1950 تک منصوبہ بندی سے پہنچایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دو ماہ قبل مارکیٹ میں گندم وافر مقدار میں موجود تھی، دسمبر 2019 میں گندم مارکیٹ سےغائب ہونا شروع ہوگئی، گزشتہ ماہ لاہور کی فلورملز کا کوٹہ 50 سے کم کر کے 45 بوری کیا گیا۔