کراچی ٹیسٹ: جنوبی افریقہ کی ٹاس جیت کر بیٹنگ
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کراچی میں چودہ سال بعد کھیلے جارہے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، جہاں مہمان ٹیم جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹاس کے بعد کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ تاریخی ٹیسٹ میچ میں ہمارا بھی ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنےکا پلان تھا، جنوبی افریقہ سخت حریف ہے،پلان کےمطابق کھیلیں گے۔ بابر اعظم نے کہا کہ بڑی ٹیم پاکستان آئی ہے، بہت پرجوش ہیں، اچھا کھیل پیش کرینگے، انہوں نے کہا کہ کسی بھی سائیڈ کو آسان نہیں لینا چاہیے۔ میڈیا سے گفتگو میں کپتان بابر اعظم نے بتایا کہ آج اسپنر نعمان علی اور عمران بٹ ڈیبیو کررہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں دونوں کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کیپ دینے کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے، جس میں بیٹنگ کوچ یونس خان نے اوپنر عمران بٹ کو گرین کیپ دے رے ہیں جبکہ اسپنر نعمان علی کو یاسر شاہ نے ٹیسٹ کیپ دی۔ یاد رہے اس سے قبل دونوں ٹیمیں کراچی میں آخری بار 2007 میں مدمقابل آئی تھیں جس میں مہمان ٹیم 160 رنز سے سرخرو ہوئی تھی جب کہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ لاہور میں ہوا تھا جو بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔