رواں سال کے آخر تک پورے پنجاب میں ہیلتھ کارڈ کی سہولت میسر ہو گی
لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں صحت ہیلتھ کارڈ کی منظوری دے دی گئی ہے اور رواں سال کے آخر تک پورے پنجاب میں ہیلتھ کارڈ کی سہولت میسر ہو گی۔ لاہور کے مقامی ہوٹل میں ٹائیفائیڈ ویکسین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ 2 کروڑ 93 لاکھ خاندانوں میں صحت کارڈ کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، 7 لاکھ روپے مالیت کا صحت کارڈ ملک بھر کے نجی اسپتالوں میں بھی استعمال ہوسکے گا۔ وزیر صحت پنجاب کے مطابق پاکستان میں سالانہ تقریباً 2 لاکھ بچے پیٹ کی بیماریوں سے انتقال کر جاتے ہیں، پنجاب میں مرحلہ وار ویکسین کی مہم شروع کی جارہی ہے جس میں 9 ماہ سے لے کر 15 برس کی عمر کے افراد کو ویکسین دی جائے گی۔