براڈ شیٹ کیس میں نیب کے3 چیئرمین کے نام آئے ،ریمانڈ لیا جائے،شاہد خاقان
مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وز یر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ براڈ شیٹ کیس میں نیب کے3 چئیرمین کے نام بھی آئے ہیں،ان کا بھی ریمانڈ لیا جائے،جوعدالتیں وزیراعظم کو نااہل کر دیتی تھیں،آج انہیں براڈ شیٹ نظر نہیں آتی۔اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ایل این جی ریفرنس کی سماعت کے سلسلے میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ براڈ شیٹ کے تمام کاغذات عوام کے سامنے رکھیں، جس سے بڑے پردہ نشینوں کے نام سامنے آئیں گے، انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ایک شخص کے لیے معیار کچھ اور ہے جبکہ دوسرے کے لیے کچھ اور ہے، آٹے، چینی، ایل این جی میں اربوں روپے لوٹے گئے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے سابق جج کو براڈ شیٹ کمیشن کا سربراہ بنایا گیا ، ان سے کوئی پوچھنے والا نہیں ،جوعدالتیں وزیراعظم کو نااہل کر دیتی تھیں،آج انہیں براڈ شیٹ نظر نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ نیب ملک میں سیاست کو ناکام اور بدنام کرنے کا طریقہ ہے جو کیس بنائے جا رہے ہیں جھوٹ کے سوا کچھ نہیں، کیسز تاثر پیدا کرنے کا طریقہ ہے کہ سیاستدان کرپٹ ہیں، جو سوالات ہم سے کیے جاتے ہیں وہ باقیوں سے کیوں نہیں ہوتے ؟ کیا حکومت کا حساب لینے والا کوئی نہیں ؟ آج احتساب کے نام پر سوالیہ نشان ہے،یہ وہی نیب ہے جس نے 20 سال سے براڈشیٹ کا کیس کھولا ہوا ہے۔براڈشیٹ ایک کیس ہے لیکن نیب کے ایسے سینکڑوں کیس ہیں۔جوادارہ احتساب کے لئے تھا آج وہ خود قابل احتساب ہے، براڈ شیٹ کیس میں نیب کے3 چئیرمین کے نام بھی آئے ہیں،ان کا بھی ریمانڈ لیا جائے، عدالتوں میں کیمرے لگائیں اور دیکھیں کس نے کرپشن کی جو سوال سیاست دانوں سے کرنے ہیں وہ بیوروکریٹس، ججوں اور جرنیلوں سے بھی کریں،احتساب کی بات کرنی ہے تو براڈ شیٹ کے حقائق عوام کے سامنے رکھیں، براڈ شیٹ معاملے میں پرویز مشرف کا نام بھی آتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 5 فروری کا جلسہ راولپنڈی کی بجائے مظفر آباد میں ہو گا، اس روز ہم یومِ یکجہتی کشمیر مظفر آباد میں منائیں گے۔