معیشت مضبوط ہوگی تو ملک مضبوط ہوگا، چیئرمین نیب
ومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہےکہ نیب کے خلاف مذموم پروپیگنڈا تواتر سے جاری ہے اور بس اب تک یہ نہیں کہا گیا کہ کورونا بھی نیب نے پھیلایا باقی ہر الزام نیب پر آگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ایوان صنعت و تجارت میں تاجروں سےخطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ ملک اربوں ڈالر کا مقروض ہے، اربوں روپے ریکور کر کے حکومتی خزانے میں جمع کرائے،معیشت مضبوط ہوگی تو ملک مضبوط ہوگا، تاجروں، سرمایہ کاروں کی وجہ سے لاکھوں لوگوں کو روزگار ملتا ہے، کسی سرمایہ کار سے آج تک یہ نہیں پوچھا، آپ سرمایہ کہاں سے لائے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ اصل کاروباری اور ڈکیت میں فرق ہوتاہے ،اصل بزنس مین کو نیب آنکھ اٹھا کر بھی نہیں دیکھتا، ڈکیت کا کیس نیب قانون کو دیکھ کر آگے بڑھتاہے ، اگر کوئی ثابت کردے کہ کوئی تاجر نیب کے خوف سے ملک چھوڑگیا ہے تو میں نیب کے دفتر جانے کی بجائے گھر واپس چلاجاؤں گا۔ جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب پر تنقید کرنے والوں کو بھی خوب آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ نیب کیخلاف پروپیگنڈا وہ لوگ کررہے ہیں جن کیخلاف کوئی انکوائری یا تحقیقات چل رہی ہے،بس اب تک یہ نہیں کہا گیا کہ کورونا بھی نیب نے پھیلایا،باقی ہر الزام نیب پرلگایا گیا ہے جسے خندہ پیشانی سے قبول کیا ، کوئی دھونس، دھمکی، اور بلیک میلنگ راستے میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ بہترین امن وامان کا کریڈیٹ پاک فوج کو پیش کرتے ہوئے ہوئے چئیرمین نیب جاوید اقبال نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کے باعث ملک میں امن و امان بحال ہوا، بدعنوانی کو دیکھ کر آنکھیں بند نہیں کریں گے ۔چیئرمین نیب نے عوام کو ہدایت کی کہ رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری سوچ سمجھ کر کریں