نیشنل اسٹیڈیم میں اچانک آگ لگ گئی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے اندر آگ لگ گئی ہے جسے بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں روانہ ہوگئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں آتشزدگی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ آگ کو بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں روانہ ہوگئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق آگ نیشنل اسٹیڈیم کے اندر موجود ساؤنڈ سسٹم میں لگی ہے۔ واضح رہے کہ کل سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈٰم میں پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز ہورہا ہے جس کا ابتدائی میچ کراچی کنگز اور دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ نیشنل اسٹیڈٰیم کراچی میں پہلے مرحلے کے میچز 7 فروری تک جاری رہیں گے جبکہ بقیہ میچز 10 فروری سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ ایونٹ کا فائنل 27 فروری کو ہوگا۔ دوسری جانب ایونٹ سے قبل ہی کورونا کے وار جاری ہیں اور گذشتہ روز پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض اور حیدر علی کا کووڈ رزلٹ مثبت آیا تھا جبکہ اس سے قبل پشاور زلمی کے ہی کھلاڑی کامران اکمل اور ارشد اقبال کورونا میں مبتلا ہوئے تھے۔