وزیراعظم اور اسٹیبلشمنٹ کے تعلقات بہت اچھے ہیں: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے بہت اچھے تعلقات ہیں، اگر اپوزیشن میں سیاسی شعور ہوتا تو وہ جان جاتی کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ایک ہی صفحے پر، ایک ہی لائن اور لینتھ پر موجود ہیں۔راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم کہیں نہیں جارہے، سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہم عمران خان کو مکھی کی طرح نکال کر پھینکیں گے، انہوں نے بہت تکبرانہ اور بہت غیر ذمے دارانہ بات کی ہے۔اپوزیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، ان کی کیا سیاسی حیثیت ہے، اپوزیشن اپنی شکستوں کو دیکھے، اگر میڈیا کوریج نہ ہو تو قوم اپوزیشن کے رہنماؤں کے نام تک بھول جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ میڈیا کا شکریہ ادا کرے جس نے اس کو سیاسی طور زندہ رکھا ہوا ہے ورنہ قوم اپوزیشن رہنماؤں کے نام تک بھی بھول جائے، اپوزیشن کی ملکی سیاست میں کیا اہمیت ہے وہ آئندہ انتخابات میں پتا چل جائے گی۔