پاکستان میں عجیب سا سسٹم قائم ہو چکا ہے۔مفتاح اسماعیل
مسلم لیگ (ن )کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے پاکستان میں عجیب سا سسٹم قائم ہو چکا ہے، ایک چھوٹی سی اشرافیہ ہمارے تمام فیصلے کر رہی ہوتی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہر ملک ہم سے آگے نکل رہا ہے جس کی وجہ گورننس کا ٹھیک نہ ہونا ہے۔مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا مقامی سطح پر جب تک اختیارات منتقل نہیں ہوں گے تو گورننس ٹھیک نہیں ہو گی، ہمیں نچلے طبقے کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم نے جمہوری طرز حکومت اور صدارتی سسٹم کو دیکھا، آمریت کو بھی دیکھ لیا، ملک میں عجیب کا ایلیٹ سسٹم قائم ہو چکا ہے جسے ہٹانا پڑے گا، ایک چھوٹی سی ایلیٹ کلاس پاکستان کے فیصلے کر رہی ہوتی ہے، ہم بھی سسٹم کو نہ بدل سکے اس لیے ہم بھی قصور وار ہیں۔حال ہی میں شروع ہونے والے نیشنل ڈائیلاگ اور نئی سیاسی جماعت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ میں مسلم لیگ ن کا ہی حصہ ہوں، پارٹی نے میرے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی لیکن مستقبل میں الیکشن میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں۔اسحاق ڈار کو پاکستان لانے سے متعلق سوال پر مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا علم نہیں کہ ڈار صاحب کو کیوں لایا گیا لیکن ڈار صاحب نے کوشش کی جس سے پاکستان کو بڑا نقصان ہوا، حکومت اب اس بات پر راضی ہو گئی کہ آئی ایم ایف کی تمام شرائط کو ماننا پڑے گا۔