قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات اسلاموفوبیا کا مظہر ہیں، او آئی سی

اقوام متحدہ: اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک نے سویڈن اور نیدرلینڈز میں قرآن پاک کے بے حرمتی کے گھنائونے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعات اسلاموفوبیا کا مظہر ہیں۔ پاکستان اس وقت اسلامک کانفرنس آف فارن منسٹرز (آئی سی ایف ایم) کا چیئرمین ہے۔ اجلاس اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ گزشتہ سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی منظور کردہ تاریخی قرارداد کے مطابق اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن کو منانے کے لیے نیویارک میں اقوام متحدہ میں خصوصی اجلاس منعقد کیا جائے گا پاکستانی سفیر نے کہا کہ او آئی سی کے رکن ممالک کے اس اجلاس کے ذریعے ہم مسلم مخالف بیان بازی اور نسل پرستی امتیازی سلوک، منفی دقیانوسی تصورات اور مسلمانوں کو بدنام کرنے کے طریقوں کا مقابلہ کرنے اور اسے ختم کرنے کے لیے بین الاقوامی یکجہتی اور تعاون کا مطالبہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قرارداد پر پیش رفت کے طور پر او آئی سی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دے گی کہ وہ او آئی سی ممالک کے ساتھ مل کر اسلامو فوبیا کو روکنے اور اس کے خاتمے کے لیے ایکشن پلان تشکیل دیں۔پاکستانی مندوب نے او آئی سی کے اجلاس کو بتایا کہ 8مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نیویارک میں اسلام میں خواتین کے موضوع پر ایک اعلی سطحی کانفرنس کی میزبانی اور صدارت کریں گے۔