تحریک انصاف نے قومی اسمبلی، پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں واضح برتری حاصل کرلی
ملک بھر میں الیکشن کا مرحلہ پرامن طریقے اور خوش اسلوبی سے انجام پا گیا، الیکشن کے بعد تحریک انصاف کا سونامی دوسری سیاسی جماعتوں کو بہا کر لےگیا ہے، الیکشن کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج میں پی ٹی آئی نے دیگر سیاسی جماعتوں پر واضح برتری حاصل کرلی ہے،جس کے بعد عمران خان کے وزیراعظم کے بننے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں،چیئرمین تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے پانچوں حلقوں سے الیکشن میں کامیابی سمیٹی۔غیر حتمی اورغیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف نشستیں حاصل کرنے کی دوڑ میں سب سے آگے ہے، مسلم لیگ ن کی قومی اسمبلی کی سیٹوں میں دوسرا نمبر ہے، پیپلزپارٹی تیسرے اور متحدہ مجلس عمل نے قومی اسمبلی میں چوتھے نمبر پر قبضہ کرلیا ہے، آزادامیدواروں نے بھی قومی اسمبلی میں کافی نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے،تحریک انصاف کے شاہ محمودقریشی،پرویز خٹک،سردار جعفر سمیت دیگر امیدواروں نے اپنے حلقے میں میدان مارا۔