آسٹریلیا کے شہروں میں لاک ڈاؤن کے خلاف ہزاروں افراد کا احتجاج، پولیس سے جھڑپیں, مظاہرین گرفتار
آسٹریلیا کے دو بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن کے خلاف ہزاروں شہریوں کی جانب سے مظاہرے کیے گئے، اس دوران سڈنی میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔عوامی صحت کے حوالے سے جاری احکامات کے خلاف غیر قانونی احتجاج کرنے والے درجنوں مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ گھنٹوں جاری رہنے والی ریلی کے دوران مظاہرین کی متعدد مرتبہ پولیس سے جھڑپیں ہوئیں۔ایک ماہ تک گھروں میں رہنے کے حکم کے خلاف شہریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور پولیس افسران پر پانی کی بوتلوں اور پودوں کے گملوں کی بوچھاڑ کردی۔میلبورن میں دوپہر میں ریاستی پارلیمنٹ کے باہر جمع ہونے کے بعد ہزاروں افراد متعدد سڑکوں پر بھی جمع ہوگئے۔بڑی تعداد میں مظاہرین بغیر ماسک پہنے غیر ضروری سفر اور عوامی اجتماعات پر پابندی کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے، ایک روز قبل حکام نے اشارہ دیا تھا کہ پابندیاں اکتوبر تک برقرار رہ سکتی ہیں۔سڈنی میں سیکڑوں پولیس افسران نے مظاہرین کے خلاف جوابی کارروائی کی اور ہجوم میں مظاہرین کو ہتھکڑیاں لگائی گئیں۔سڈنی پولیس کے مطابق انہوں نے تقریبا 100 مظاہرین پر جرمانہ عائد کیا ہے اور 57 کو گرفتار کیا گیا۔میلبورن پولیس کا کہنا تھا کہ انہوں نے 6 مظاہرین کو گرفتار کیا ہے۔