پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں عالمی امورپر مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے:سفیر
پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیرحمدعبیدابراہیم سالم الزابی نے کہاہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے ابوظہبی میں ہونے والے اگلے مشترکہ وزارتی کمیشن کے دوران دوطرفہ اقتصادی تعلقات کے استحکام کے لئے قانونی لائحہ عمل کوحتمی شکل دی جائے گی۔فیصل آباد کے ایوان صنعت وتجارت سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے قانونی لائحہ عمل کوحتمی شکل دیں گے۔متحدہ عرب امارات کے سفیرنے کہاکہ دونوں برادرملکوں میں عالمی اورعلاقائی امورپر مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات کو یقین ہے کہ مستحکم پاکستان علاقے میں پائیدارامن کیلئے ناگزیرہے۔ایک سوال کاجواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستانی تاجروں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے متحدہ عرب امارات کے ویزہ مراکزاسلام آباد،لاہوراورکراچی میں کھولے جائیں گے۔