ایران بیلسٹک میزائل اور جوہری ہتھیار حاصل کرکے تباہی کا سامان کررہا ہے۔ جان بولٹن

امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے کہا ہے کہ ایران بیلسٹک میزائل اور جوہری ہتھیار حاصل کرکے پورے خطے کے لیے تباہی کا سامان کررہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تہران کے خلاف کارروائی کے لیے تمام آپشن کھلے ہیں۔ میڈیا کے مطابق القدس میں امریکا اور روس کے قومی سلامتی کے مشیروں کے ساتھ ملاقات میں جان بولٹن کا کہنا تھا کہ امریکا شام میں موجود تمام غیرملکی فورسز کو باہرنکالنا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شام کے بحران کا مثالی حل'سیاسی' اور سفارتی ہے۔ جان بولٹن نے کہا کہ شام میں ایران کی موجودگی خطرہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ روسی حکام بھی متعدد بار شام سے ایرانیوں کی واپسی کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں۔ انہوں نے شام میں موجود ایرانی حمایت یافتہ ملیشیائوں کو نکالنے کے لیے حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ جان بولٹن نے کہا کہ اگر ایران مسائل کے حل میں سنجیدہ ہوتا تو جوہری معاہدے کی خلاف ورزی نہ کرتا۔ جان بولٹن نے بحرین میں منعقدہ بین الاقوامی معاشی کانفرنس میں فلسطینیوں کی عدم شرکت'غلطی' قراردیا۔ انہوںنے امریکا کے مشرق وسطیٰ امن معاہدے کی تفصیلات بتانے سے انکار کیا تاہم ان کاکہنا تھا کہ ہم فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان ایک ایسا معاہدہ کرانا چاہتے ہیں جو دونوں کےلیے قابل قبول ہو۔ انہوں نے تمام فریقین سے صبروتحمل سے کام لینے پربھی زوردیا اور کہا کہ میں امریکا کی قومی سلامتی کا مشیر ہوں نہ کہ سیکیورٹی سے متعلق فیصلوں کا مشیر ہوں۔ قبل ازیں منگل کوایک بیان میں جان بولٹن نے کہا تھا کہ ایران کے متنازع جوہری پروگرام پرتہران کے ساتھ بات چیت کے دروازے کھلےہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تہران پرپابندیوں کے باوجود بات چیت کی جا سکتی ہے۔