لاہور : اچھرہ میں بیکری میں سلنڈر دھماکہ ، ایک شخص جاں بحق گیارہ زخمی

اچھرہ میں واقعہ ایک بیکری میں سلنڈر کے دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور گیارہ زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت ساجد کے نام سے سامنے آئی ہے۔ جو خریداری کے لئے دھماکے کے وقت بیکری میں موجود تھا جبکہ دیگر زخمیوں میں بیکری کے گارڈ سمیت ملازمین شامل ہیں۔ سلنڈر کا دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنائی دی۔ جس کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ جہاں انہوں نے گیارہ زخمیوں میں سے چار زخمیوں کو جناح ہسپتال کے برن سنٹر اور سات زخمیوں کو سروسز ہسپتال منتقل کیا۔ جائے دھماکہ پر پولیس اور سی ٹی ڈی کی ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کر دی ہے اور بیکری کے باہر موجود موٹر سائیکلوں کو تھانہ اچھرہ منتقل کر دیا ہے۔