پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کےلئے حلقہ بندیوں کے شیڈول کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جوائنٹ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ رشید بھٹی کی طرف سے 25 جون کو اس سلسلے میں آئین کے آرٹیکل 17 اور 221 سیکشن 3 کے تحت نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کےلئے پنجاب کے 36 اضلاع کےلئے حلقہ بندی کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی ہیں، جن کے انچارج یا کنوینئر ضلعی الیکشن کمشنرز کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ ان کمیٹیوں میں محکمہ لوکل گورنمنٹ کے افسران بھی شامل ہوں گے، نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب کے شہری علاقوں میں نیبرہڈ کونسلیں جبکہ دیہات میں ویلج پنچائیت کونسلیں بنیں گی، حلقہ بندیوں کے شیڈول کے مطابق 6 جولائی سے 25 جولائی تک نقشوں کی تیاری سمیت تمام دفتری امور انجام دئیے جائیں گے، 27 جولائی سے 20 اگست تک ڈی لیمیٹیشن کمیٹیوں کی ابتدائی لسٹیں تیار کی جائیں گی، حلقہ بندیوں پر اعتراضات دائر کرنے یا تجاویز دینے کےلئے ابتدائی لسٹیں 21 اگست کو آویزاں کردی جائیں گی ، نئی حلقہ بندیوں پر اعتراضات 22 اگست سے 6 ستمبر تک داخل کروائے جاسکیں گے، حلقہ بندیوں پر اعتراضات کی سماعت 5 اکتوبر تک کی جائے گی، 12 اکتوبر تک اپیلٹ اتھارٹی اعتراضات دور کرتے ہوئے تمام فیصلے نمٹائیں گے، حلقہ بندیوں کی حتمی لسٹیں 13 اکتوبر کو آویزاں کردی جائیں گی، نئے نظام میں پنجاب کے 9 ڈویژنل ہیڈکوارٹرز گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، راولپنڈی، ساہیوال، بہاورلپور، ڈیرہ غازی خان اور لاہور کو میٹروپولیٹن کا درجہ دیا جائے گا، نئے بلدیاتی نظام کے تحت پنجاب بھر میں 22 ہزار وِلیج کونسلز اور 2500 سے زائد نیبرہوڈ کونسلز قائم ہوں گی، دیہات میں تحصیل اور پنچایت کونسلیں جبکہ شہروں میں میٹروپولیٹن اور میونسپل کارپوریشن اورنیبرہوڈ کونسلیں بنیں گی، شہری اور تحصیل کونسلز کے انتخابات جماعتی اور نیبرہوڈ کونسلز، پنچایت کے انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر ہوں گے، اس سے پہلے پنجاب میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 نافذ تھا جسے ختم کرکے لوکل گورنمنٹ 2019 نافذ کیا گیا تھا ، الیکشن قوانین کے ماہرین کا کہنا ہے کہ انتخابات سے پہلے حلقہ بندیاں ضروری سمجھی جاتی ہیں، ماضی میں حلقہ بندیوں کے موقع کو حکومتی افراد اپنے سیاسی مخالفین کو کمزور کرنے اور اپنی مرضی کے حلقے بنوانے کےلئے بھی استعمال کرتے رہے ہیں