پنجاب میں پائیدار ترقی کی حقیقی بنیاد رکھ دی ہے، 560ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام سے ہر ضلع ترقی کریگا:وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے صوبائی وزیر مراد راس،اراکین صوبائی ا سمبلی سمیع اللہ چودھری اور اسد کھوکھر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور،سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور جنوبی پنجاب کے ڈویلپمنٹ پروگرام پر بات چیت کی گئی۔ منتخب نمائندوں نے نئے مالی سال کے بجٹ کی منظوری پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سمیع اللہ چودھری کو بہاولپور میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں پائیدار ترقی کی حقیقی بنیاد رکھ دی ہے اور 560ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام سے ہر ضلع ترقی کرے گا۔ ماضی کی حکومت نے نمائشی منصوبوں پر صوبے کے قیمتی وسائل کو بے دردی سے ضائع کیا اور یہ نمائشی منصوبے کل بھی ”سفید ہاتھی“ تھے او رآج بھی”سفید ہاتھی“ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے وسائل پر ڈاکہ ڈال کر غیر منصفانہ اقدام کیا جبکہ ہماری حکومت نے جنوبی پنجاب کو نئی شناخت دی ہے۔ ملتان کے بعد جلدہی بہاولپور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کاسنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ سرکلر روڈ بہاولپور کی کشادگی کے لئے فنڈز فراہم کریں گے۔ میں پہلی فرصت میں بہاولپور آؤں گا۔ جنوبی پنجاب کے مینڈیٹ کی پہلے بھی لاج رکھی ہے اور آئندہ بھی لاج رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست کو کرپشن سے آلودہ کرنے والے آج در بدر پھر رہے ہیں اور وطن عزیز کو بے دردی سے نوچنے والے نشان عبرت بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو وزیراعظم عمران خان جیسے لیڈر ہی آگے لے کر جائیں گے.