سندھ؛ بلدیاتی انتخابات کے دوران تصادم , جھگڑے اور فائرنگ سے دو افراد جاں بحق، متعدد زخمی
سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ کا عمل جاری ہے اس دوران نوابشاہ سمیت مختلف پولنگ اسٹیشن پر تصادم کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں کئی پولنگ اسٹیشن پر صورتحال کشیدہ رہی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔گھوٹکی میں یونین کونسل ڈانگرو کی پولنگ اسٹیشن ابل گڑہی پر جھگڑا اور ہوائی فائرنگ سے 13 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ جھگڑا پیپلز پارٹی اور جی ڈی اے کے کارکنوں میں ہوا جب کہ جھگڑے کے باعث پولنگ کے عمل میں خلل بھی پیدا ہوا۔
نوشہرو فیروز میں پولنگ کے دوران تصادم ہوا جس میں مخالفین نے ایک دوسرے پر لاٹھیاں برسائیں جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوئے جس کے بعد پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔ موروکی یوسی ڈیپارچہ کےمنگو خان ڈھرپولنگ اسٹیشن میں بھی تصادم ہوا۔جیکب آباد میں بھی یونین کونسل کندرانی کے پولنگ اسٹیشن 517 گلشیرکندرانی میں جھگڑا ہوا جس میں 2 امیدواروں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے۔