سندھ: بلدیاتی انتخابات، پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع
سندھ کے 14 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے لیکن الیکشن کمیشن نے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا دورانیہ بڑھا دیا ہے۔ ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جن پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل کسی بھی وجہ سے رکا تھا وہاں پولنگ کا دورانیہ بڑھایا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے ترجمان نے اس حوالے سے واضح کیا ہے کہ پولنگ کا دورانیہ اتنا ہی بڑھایا جائے گا جتنی دیر تک پولنگ کا عمل رکا تھا۔واضح رہے کہ پی پی رہنما تاج حیدر نے چیف الیکشن کمشنر سے پولنگ کا وقت دو گھنٹے تک بڑھانے کی درخواست کی تھی۔ انہوں ںے کہا تھا کہ ووٹرز کو شام سات بجے تک ووٹ ڈالنے کی اجازت دی جائے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مرکزی اور الیکشن کمشنر سندھ کے دفتر کراچی میں صوبائی مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا گیا ہے۔