ملتان میں مخالفین نے چار بچوں کی ماں پر تیزاب پھینک دیا جس سے خاتون کے جسم کا اسی فیصد حصہ جل گیا۔
تیزاب گردی کی یہ لرزہ خیز واردات ملتان کے علاقے لودھی کالونی میں پیش آئی جہاں معمولی دشمنی پر مخالفین نے چار بچوں کی ماں شمع نامی خاتون پر تیزاب ڈال دیا۔ تیزاب کے باعث خاتون کا چہرہ اور جسم بری طرح جھلس گیا۔ متاثرہ خاتون کو نشترہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کے جسم کا اسی فیصد حصہ جل گیاہے۔ پولیس کی جانب سے واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں تاہم ابھی دشمنی کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔