وزیراعلیٰ پنجاب نے لوڈ شیڈنگ کے خلاف لانگ مارچ کا اعلان کردیا، کہتے ہیں کہ تاجر اور صنعت کار سڑکوں پر آئیں،خود قیادت کروں گا۔
زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگواورتاجروں سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے جبکہ دیگر تینوں صوبوں میں لوڈ شیڈنگ کا نام ونشان تک نہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ کے ذریعے صنعتوں کا جنازہ نکالا جا رہا ہےاورلاکھوں لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں جبکہ بلوں میں اضافہ کرکے عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔ پاکستانی عوام عذاب سے دوچار ہیں لیکن شہزادے دوشنبے میں مزے کررہے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب کے حقوق کے لیے سب کو مل کر لڑنا ہو گا، تاجر اور صنعت کار لانگ مارچ کریں وہ خود اس کی قیادت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کے دوران عوام توڑ پھوڑسے گریز کریں کیونکہ اس سے اپنی ہی املاک کو نقصان پہنچتا ہے۔ انہوں نے لوڈ شیڈنگ کے خلاف سپریم کورٹ میں فریق بننے کا بھی اعلان کیا۔